google.com, pub-7579285644439736, DIRECT, f08c47fec0942fa0 یوں ہی کفر ہر صبح ہر شام ہوگا ||Urdu Islamic Best Poetry

یوں ہی کفر ہر صبح ہر شام ہوگا ||Urdu Islamic Best Poetry

Admin
0


 

یوں ہی کفر ہر صبح ہر شام ہوگا 

الٰہی کبھو یاں بھی اسلام ہوگا 


کہیں کام میں وہ تو خود کام ہوگا 

یہاں کام آخر ہے واں کام ہوگا 


یہی دل اگر ہے یہی بے قراری 

تہ خاک بھی خاک آرام ہوگا 


صنم تین پانچ آپ کا چار دن ہے 

سدا ایک اللہ کا نام ہوگا 


یہ مژگاں وہ ہیں جن کی کاوش سے اک دن 

مشبک جگر مثل بادام ہوگا 


بتو جب کہ آغاز الفت ہے یہ کچھ 

خدا جانے کیا اس کا انجام ہوگا 


دعا کے عوض گالیاں اور تو کیا 

عنایات یہی مجھ کو انعام ہوگا 


یہ دو اک بلا ہیں گرفتار ان کا 

کوئی صبح ہوگا کوئی شام ہوگا 


یہی صبح اور شام تک گر عمل ہے 

عمل تیری زلفوں کا تا شام ہوگا 


میں وہ ناتواں ہوں اگر ذبح کیجے 

نہ اک نالہ مجھ سے سرانجام ہوگا 


جو بسمل تو کرتا ہے بسم اللہ اے شوخ 

ترے کام میں میرا بھی کام ہوگا 


مری لگ رہیں چھت سے آنکھیں ہیں دیکھو 

مشرف کب اس سے لب بام ہوگا 


کبھو تو بھی ہوگا مسلمان اے بت 

سدا تیرا جھوٹا ہی پیغام ہوگا 


شکار اجل ہوں گے اک روز ہم سب 

ہمیشہ نہ رستم نہ یاں سام ہوگا 


کہاں ہے وہ صید افگنی گور میں آہ 

خدا جانے کیا حال بہرام ہوگا 


نہ سن میری احساںؔ مبارک تجھے عشق 

مجھے کیا ترا نام بدنام ہوگا 


ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں (0)

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !